نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، فاروق ستار
پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گلشنِ اقبال بلاک 10 میں گلشن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام ریحان سوسائٹی میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویتنام آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو چکا ہے جس کی برآمدات 15 ارب ڈالر سے بڑھ کر 400 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پاکستان آج بھی محض 30 ارب ڈالر برآمدات اور 30 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر کے ساتھ سنگین معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔
نشست میں سابق میئر کراچی وسیم اختر، خالد سلطان اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں اجارہ داری اور موروثی سیاست نے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے اور پانی کے منصوبوں سمیت ہر شعبے میں محض تجربات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ 14 سے 18 سالوں میں کراچی کو ایک قطرہ نیا پانی فراہم نہیں کیا اور کے فور منصوبہ آج بھی ادھورا پڑا ہے، جبکہ 1988ء کے بعد کراچی کو ملنے والا 20 کروڑ گیلن اضافی پانی ایم کیو ایم کے دورِ حکومت میں ہی ممکن ہوا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک و صوبے کی ترقی صرف اور صرف ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کو انتظامی بنیادوں پر خود مختار کرنے اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے آنے والی اس تجویز کی ہمیں عوامی ریفرنڈم کے ذریعے بھرپور حمایت کرنی ہوگی اور شارعِ فیصل پر فیملیز سمیت جمع ہو کر اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور بقا اب اسی فارمولے میں مضمر ہے۔
انہوں نے سندھ کے تمام شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ لاڑکانہ، دادو، ٹنڈو محمد آدم، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے ہر ضلع کے باسیوں کو یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔
ایم کیو ایم کے دور میں ہر منتخب نمائندہ عوام کی براہِ راست پہنچ میں ہوتا تھا، جبکہ آج سندھ کے دور دراز علاقے کا ایک معمولی مسئلہ بھی کراچی میں بیٹھے وزیرِ اعلیٰ کے صوابدیدی فیصلوں کا محتاج ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک گھر میں بیٹے خود کفیل ہو جائیں تو ان کے چولہے اور کچن الگ ہو جاتے ہیں مگر ماں کے لیے سب بیٹے اور بیٹیاں برابر ہوتے ہیں اور وہ سب کے پکوان سے مستفید ہوتی ہے، بالکل اسی طرح انتظامی یونٹس بننے سے پورا ملک اور صوبہ مضبوط ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سال مارچ تک نئے انتظامی یونٹس وجود میں آ سکتے ہیں، جسے عوام کی بھرپور حمایت، بیداری اور ریفرنڈم کے ذریعے ہر صورت نافذ العمل بنایا جائے گا۔
Find Your Interest
- One-window facility to attract capital
- TREASURE『SHOCK』MV、11日で1億ビュー…自身最短記録更新
- 트레저, 'SHOCK' MV 11일 만에 1억 뷰 돌파..또 자체 신기록 경신
- 中国BLG、Gen.G破りロールドカップ初優勝…LCK4チーム全て撃破
- 강남 물량 가뭄에 대출 규제까지…서울 1순위 청약자 4년 만에 최저
- 江南の分譲物件不足に融資規制も…ソウル1順位申し込み4年ぶり低水準
- 젠지, 롤드컵 결승서 중국 BLG에 역전패… ‘쵸비’ 정지훈 첫 우승 꿈 무산
- ジェンジ、ロールドカップ決勝で中国BLGに逆転負け…チョビー初優勝ならず






