ویبھو سوریا ونشی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور نئی تاریخ رقم کردی
بھارت کے نوجوان کرکٹر ویبھو سوریا ونشی نے محض 15 سال اور 232 دن کی عمر میں مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کے کم عمر ترین کپتان بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
انہوں نے یہ سنگ میل 2026-27 سید مشتاق علی ٹرافی میں بہار کی جانب سے سوراشٹر کے خلاف افتتاحی میچ میں قیادت کرتے ہوئے عبور کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ کروشیا کے زیک ووکسک کے پاس تھا جنہوں نے 17 سال اور 311 دن کی عمر میں اپنی قومی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔
Vaibhav Sooryavanshi becomes the youngest captain in men's T20 history 👶 pic.twitter.com/MPeHWlWxRA
— Cricinfo (@cricinfo) November 14, 2026
سوریاونشی کے لیے یہ کامیابی ان کے مختصر کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
وہ پانچ ماہ قبل بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرچکے ہیں جبکہ دس ماہ سے بھی کم عرصہ قبل انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔
تاہم سوراشٹر کے خلاف وہ اپنی ٹیم کو بڑی اننگز دینے میں ناکام رہے اور 12 گیندوں پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں چیتن سکاریا نے کیچ اینڈ بولڈ کیا۔
ویبھو سوریا ونشی نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی تھی جہاں انہوں نے صرف 19 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔
وہ آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں اور گزشتہ سال انڈیا اے کی جانب سے 42 گیندوں پر 144 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر شہرت حاصل کی تھی۔






