صدر ٹرمپ نے خوش فہمی کی تمام حدیں پار کرلی تھیں۔ نہ جانے کیوں وہ امریکی عوام کو خاطر میں ہی نہیں لارہے تھے کہ اصل فیصلہ ساز وہی ہیں۔ انھیں ہی فیصلہ کرنا ہے کہ ان کے اور امریکا کے لیے کونسی پارٹی کی جیت فایدہ مند ہوسکتی ہے۔ اس دفعہ امریکی عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا مگر ایسا فیصلہ کہ جس نے ٹرمپ کے غرور کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ ان کی پارٹی کو محض ان کی خوش فہمی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نئے نتیجوں سے اب ری پبلکن پارٹی امریکا کے دونوں ایوانوں میں اکثریت کھو چکی ہے۔اب امریکا کے دونوں ایوانوں میں ڈیمو کریٹ پارٹی اکثریتی پارٹی بن گئی ہے اور اس نے ریپبلکن پارٹی کی بالادستی کا دور ختم کردیا ہے۔ لگتا ہے ٹرمپ اب پچھتا رہے ہوں گے کہ وہ حد سے کچھ زیادہ ہی خوش فہمی کا شکار ہوگئے تھے اور اپنی مد مقابل ڈیمو کریٹ پارٹی کو کمزور سمجھنے لگے تھے۔ صدر ٹرمپ کے ہار نے کی ویسے تو کئی وجوہات ہیں مگر سب سے اہم بات جس کا تجزیہ کار بھی ذکر کررہے ہیں وہ ان کا اسرائیل کی بلا ضرورت طرف داری کرنا ہے۔ غزہ میں جو تباہی اور بربادی ہورہی ہے اس کی تمام ذمے داری ٹرمپ کی پالیسی پر ہی عائد ہوتی ہے اگر وہ چاہتے تو نیتن یاہو کو روک سکتے تھے مگر انھوں نے اسے روکنے کے بجائے اس کی ہمت افزائی کی اور اسے ایسے مواقع فراہم کیے جن سے ہمت پاکر وہ فلسطینی مرد عورتوں اور معصوم بچوں کا قتل عام کررہا ہے، پھر نیتن یاہو نے تو حد ہی کردی ہے اس نے پورے غزہ کو قید خانے میں تبدیل کردیا حالاں کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے ممالک نے نیتن یاہو کے اس ظلم و ستم پر سوال اٹھائے ہیں مگر ٹرمپ نے انھیں خاموش کرادیا۔ اس طرح دیکھا جائے ٹرمپ نیتن یاہو کے مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔ انھوں نے ڈیمو کریٹک پارٹی کی جانب سے ریاست مشی گن میں سینیٹ کا الیکشن لڑنے والے مسلمان امیدوار عبدالرحمٰن محمد السیّد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے خلاف لفظی جنگ چھیڑ دی۔ ٹرمپ نے ان کی تضحیک کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ اگر وہ اتفاق سے منتخب ہوگئے تو سینیٹ میں داخل ہونے سے پہلے گیٹ پر ان کی خانہ تلاشی لی جائے گی اور شناختی دستاویزات بھی طلب کی جائیں گی کیوں کہ وہ مسلمان جہادی بھی ہوسکتے ہیں اور پھر السیّد پر اخوان المسلمین سے تعلق رکھنے کا شبہ بھی ظاہر کیا۔ ٹرمپ کا مسلم مخالف ہونا ابھی تک مخفی ہی تھا مگر اب بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے اور پوری دنیا بالخصوص مسلم لیگ کی یہ غلط فہمی دور ہوگئی ہے کہ وہ مسلمانوں کے خیرخواہ ہیں۔ ان کا ڈیموکریٹ امیدوار السیّد پر طنز کی بوچھاڑ اگر صرف ان کے ڈیمو کریٹ ہونے کی وجہ سے ہوتی تو یہ ایک سیاسی حربہ ہوتا اور اس سے ان کا مذہبی یا نسلی تعصب ظاہر نہ ہوگا مگر السیّد پر ان کی تنقید واضح طور پر ان کے مسلمان ہونے کی وجہ سے تھی جو کسی بھی مسلمان کو اچھی نہیں لگی ہوگی، البتہ ان کی اس تنقید کو اسرائیل میں ضرور پسند کیاگیا ہوگا اور نیتن یاہو نے تو اس پر ٹرمپ کو مبارک باد بھی دی ہوگی۔ اگر دیکھا جائے تو امریکا کی ایران سے براہ راست کوئی دشمنی نہیں ہے اور پھر ایران نے امریکی مفادات کو کوئی نقصان بھی نہیں پہنچایا ہے وہ تو صرف اسرائیل کے خلاف ہے اور وہ بھی اس لیے کہ اسرائیل کی پالیسیاں ایران اور تمام مسلم پڑوسی ممالک کے خلاف ہیں، وہ عربوں کی زمینوں پر قبضہ کرچکا ہے اور ابھی مزید زمینوں پر قبضہ کرنے کے لیے پرتول رہا ہے۔ عربوں کا یہ حال ہے کہ وہ اسرائیل کا کچھ نہیں بگاڑ سکے ہیں ۔ خطے میں صرف ایک ایران ہی ایسا ملک ہے جو اسرائیل سے بے خوف ہے اور وقت آنے پر اس سے ٹکر لے سکتا ہے، بس ایران کی یہی طاقت امریکا کو پسند نہیں ہے۔ ٹرمپ بس یہی چاہتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ کا کوئی بھی ملک اسرائیل کو نقصان نہ پہنچائے۔ خاص طور پر جب سے ایران نے ایٹم بم بنانے کی کوشش شروع کی ہے۔ امریکا اس کے سخت خلاف ہوگیا ہے کیوں کہ اس کی نظر میں ایران کی اس صلاحیت سے اسرائیل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ویسے تو شروع سے ہی ہر امریکی حکومت اسرائیل کی طرف دار رہی ہے مگر جب سے ٹرمپ نے امریکی صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے، وہ اسرائیل کے زیادہ ہی طرف دار بن گئے ہیں۔ ٹرمپ اسرائیل کی جانب اتنے جھک گئے ہیں کہ امریکی عوام بھی ان کی اسرائیل نوازی کی مخالفت کررہے ہیں اور انھیں لگتا ہے کہ ٹرمپ کو امریکا سے زیادہ اسرائیل کی سلامتی عزیز ہے۔ ٹرمپ کی اسرائیل نواز پالیسیوں سے امریکا کی پرانی عرب دوستی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ٹرمپ نے ایران سے خوامخواہ مخالفت مول لی ہے مگر یہ صرف اسرائیل کی وجہ سے ہے۔ ٹرمپ نے ایران سے اسرائیل کی خاطر جنگ چھیڑ کر امریکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ مہنگے تیل نے امریکیوں کو پریشان کردیا ہے۔ کھانے پینے سے لے کر ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ٹرمپ کو پہلے ہی آگاہ کرچکے تھے کہ ایران سے جنگ بہت مہنگی پڑے گی اور یہ کسی طرح بھی امریکی مفاد میں نہیں ہے، اس لیے امریکی عوام ہم سے دور ہوسکتے ہیں اور مڈٹرم الیکشن میں ہمیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا اور ایسا ہی ہوا ہے۔ اب ٹرمپ خود بھی سمجھ گئے ہیں کہ انھوں نے ایران سے جنگ کو طول دے کر اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری ہے، چنانچہ لگتا ہے اب ٹرمپ جنگ کے بجائے امن کو ترجیح دیں مگر یہ بھی خبر ہے کہ اب وہ سوچ رہے ہیں کہ اب کیوں نہ ایران سے آر پار کی جنگ کی جائے کیوں کہ انھیں مڈٹرم الیکشن میں جو نقصان پہنچا تھا وہ تو پہنچ ہی چکا ہے مگر اس اقدام سے ان کا مواخذہ بھی ہوسکتا ہے جس سے ان کی شخصیت پر ایسا داغ لگے گا جسے کبھی مٹایا نہیں جاسکے گا مگر لگتا ہے وہ اسرائیل کی محبت کی خاطر یہ بھی قدم اٹھا سکتے ہیں ،اس طرح لوگ جو کہہ رہے ہیں کہ نیتن یاہو ٹرمپ کو لے ڈوبا تو وہ درست ہی کہہ رہے ہیں۔