خیبرپختونخوا میں بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں نیب کی اہم پیش رفت
قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت سے متعلق بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی دو الگ الگ انکوائریوں میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 13 نومبر کو متعدد نوٹسز جاری کردیے۔
اسد قیصر سے متعلق انکوائری میں نیب نے 10 افراد کے نام پر رجسٹرڈ پارٹنرشپ فرمز، کاروباری شراکت داریوں، پارٹنرشپ ڈیڈز، کاروباری پتوں اور رجسٹریشن ریکارڈ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ اس میں اسد قیصر، ان کے اہل خانہ اور دیگر متعلقہ افراد کے کاروباری روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔
سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کی انکوائری میں نیب نے 9 افراد کو بطور گواہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ان میں اسلام آباد کی ایٹین سوسائٹی میں واقع جائیداد نمبر CLG-003 کی خریداری سے متعلق پانچ افراد کو 19 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
نیب نوٹسز کے مطابق اس جائیداد کی خریداری کے لیے عمران علی نے 15 لاکھ، کامران علی نے 49 لاکھ، کاشف علی نے ایک کروڑ، وقار علی نے 60 لاکھ اور ضیاء الرحمان نے 20 لاکھ روپے ادا کیے۔ مجموعی طور پر 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کے مالی ذرائع کی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈاکٹر امجد علی کیس میں نیب نے محمد طارق کو بھی 17 نومبر کو بطور گواہ پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے اور چار کمپنیوں کے مکمل بینک اکاؤنٹس اور اسٹیٹمنٹس طلب کرلی ہیں۔ ان کمپنیوں میں پائنیرز ریزیڈینشیا پرائیویٹ لمیٹڈ، پائنیرز ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ، عربیہ پائنیرز کرینز ٹریڈنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور پائنیرز کنسٹرکشن اینڈ ریئل اسٹیٹ کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
نیب نے محمد طارق کو 28 اکتوبر کو جاری کیے گئے پہلے نوٹس کے تسلسل میں مزید دستاویزات اور مالیاتی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
نیب کی دونوں انکوائریوں میں کاروباری روابط، مالی لین دین، جائیدادوں کی خریداری اور اثاثوں کے ذرائع سے متعلق ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔






