خیبرپختونخوا میں نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں بکری چوری کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو شہری معجزانہ طور پر بچ گئے اور ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے نوجوان ارمان توحید اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ماما خیل نظامپور سے تعلق رکھنے والے ارمان توحید اللہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل ہمارے بکرے گم ہوگئے تھے جس کی تلاش و پتہ براری کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ ہماری بکری کو مطہر شاہ مثل خان ساکن شوانگے نے چوری کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معین، رحیم شاہ اور خائستہ رحمان گاؤں شوانگے جاکر شوانگے کے مین چوک میں مطہر شاہ کے ساتھ ملے اس وقت مطہر شاہ کے ساتھ نہار علی لیاقت بھی ہمراہ تھے اور ہم نے مطہر شاہ سے پوچھا کہ آپ نے ہمارے بکری چوری کی ہے یا نہیں، جس پر مطہر شاہ اور نہار علی ہمارے ساتھ لڑ پڑے اور ہمارے ساتھ مشت و گریباں ہوکر دونوں نے یکدم اپنے اپنے کلاشنکوف سے ہم کے اوپر فائرنگ شروع کردی۔ درخواست گزار نے کہا کہ نہار علی کی فائرنگ سے رحیم شاہ جمشید خان اور مطہر شاہ کی فائرنگ سے میرا بھائی معین توحید اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ میں اور خائستہ رحمان بال بال بچ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کی وجہ عناد چوری شدہ بکروں کے بارے میں پوچھنے پر وقتی زبانی تکرار بتائی جا رہی ہے تاہم مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔