امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر غزہ جنگ کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں کم کرنے سے متعلق بار بار کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کا الزام کیا ہے. انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو امریکی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے تھے، لیکن اس کے بعد بھی ایسی فوجی کارروائیاں جاری رہتی تھیں جن میں مزید فلسطینی شہری ہلاک ہوتے تھے۔ بائیڈن نے یہ انکشاف اپنی نئی یادداشتوں پر مشتمل کتاب Promise Me, America میں کیا ہے، جس کے اقتباسات امریکی میڈیا پر جاری کیے گئے۔ ان کی 480 صفحات پر مشتمل کتاب 17 نومبر کو شائع ہونے والی ہے۔ بائیڈن کے مطابق انہوں نے غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ فوجی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔ انہوں نے لکھا کہ نیتن یاہو کے ساتھ متعدد نجی ملاقاتوں اور ٹیلی فونک گفتگو میں یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بھی تسلیم کرتے تھے کہ فلسطینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتیں اسرائیل کی عالمی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔