کراچی کی مقامی عدالت نے مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی سے منشیات خریدنے والے ملزم کو بری کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی سے منشیات خریدنے والے ملزم محمد یعقوب کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ عدالت کے پوچھنے پر بھی پولیس نے انمول عرف پنکی کو ملزمہ نہیں بنایا اور تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ درخشاں پولیس نے 2018 میں محمد یعقوب کو گرفتار کرکے 600 گرم چرس برآمد کی تھی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ وہ چرس پنکی سے خریدتا تھا جبکہ مقدمے کے چالان میں ملزم کے اعتراف جرم کا ذکر کیا گیا تھا۔ عدالت نے پولیس سے سوال کیا کہ کیا یہ پنکی وہی ہے جس کو گرفتار کیا گیا ہے، اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی یہ وہی ہے۔ اس پر جج نے کہا کہ پھر اس کو ملزمہ بناؤ اور گرفتاری ظاہرکرو۔ ملزم یعقوب ضمانت کے بعد مفرور ہوا اور دوسری بار ضمانت کے بعد بری ہوگیا لیکن پولیس نے پنکی کو ملزم نامزد نہیں کیا۔