Current
·
C2
·2026-11
عزمِ عالی شان منصوبہ
ڈین فیکلٹی آف سائنس جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی میں شعبہ کے 1973ء بیچ کے کام یاب طالب علم اور ممتاز سابق استاد شاہد احمد سے منسوب اِن آرگینک کیمسٹری لیبارٹری، جب کہ سابق طالبہ اور شاہد احمد کی شریکِ حیات مریم ایس ڈارسوٹ سے منسوب اینالیٹیکل کیمسٹری لیبارٹری کا افتتاح کیا۔
تقریب سے شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر نسرین فاطمہ ، بحرین یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر محسن علی، محترمہ تسنیم الیاس، اور پروفیسر اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا جب کہ ڈائریکٹر اوورسیز1973 المنائی (رجسٹرڈ) ڈاکٹرالتفات حسن اور اسکواش کے سابق عالمی چیمپیئن جہانگیر خان کے ریکارڈ شدہ پیغامات سنوائے گئے۔ اس موقع پر المنائی کی فلاحی و ترقیاتی سرگرمیوں کی عکس بندی اور شعبے کی تاریخ پر مشتمل پروفیسر ضیا الرحمٰن ضیا کی بنائی ہوئی دو ڈوکیومینٹری بھی پیش کی گئیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں شعبہ کیمسٹری کے سابق اساتذہ اور سابق طلبہ نے کہا کہ ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو عملی زندگی میں وقتی مشکلات ضرور ہو سکتی ہیں ، تاہم یہ مشکلات انہیں ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود کو کسی سے کم تر نہ سمجھیں اور محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی منزل کے حصول کے لیے کوشش جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزم اور محنت کے ذریعے کوئی بھی شخص اپنے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرسکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طلبہ نے مشکلات کے باوجود محنت اور لگن کا سلسلہ جاری رکھا اور آج امریکہ، کینیڈا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ طلبہ کے بہتر مستقبل اور ادارے کی ترقی کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عصرِحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریز کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، اب یہ طلبہ پر منحصر ہے کہ وہ ان سہولیات سے کس قدر استفادہ کرتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے شعبے، جامعہ اور ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ شعبہ کیمسٹری کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر نسرین فاطمہ نے کہا کہ 1973ء المنائی کی جانب سے شعبہ کے ترقیاتی کاموں میں مسلسل تعاون اور مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اجرا لائقِ تحسین اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔ سابق طلبہ کی جانب سے اپنی مادرِعلمی کی ترقی میں کردار ادا کرنا نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ نئی نسل کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔ بحرین یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر سلیم اختر نے طلبہ سے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں، اپنے اساتذہ کی محنت اور رہنمائی کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جو کچھ سیکھیں اسے دوسروں تک منتقل کریں، علم بانٹنے سے کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے۔ ڈاکٹر محسن علی نے کہا کہ کامیابی صرف خود آگے بڑھنے کا نام نہیں، حقیقی کامیابی یہ ہے کہ انسان کتنے لوگوں کے آگے بڑھنے اور کامیابی کا ذریعہ بنتا ہے۔ شعبہ کیمسٹری کی تسنیم الیاس نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ یہ لیبارٹریز طلبہ کو عصرِحاضر کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت اور تحقیق کے بہتر مواقع فراہم کریں گی۔ انہوں نے کیمیکلز کے محفوظ استعمال کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بعض کیمیکلز انسانی صحت اور زندگی کے لیے خطرناک ہوسکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ کیمیکلز کے درست استعمال، ذخیرہ کرنے اور حفاظتی تدابیر سے مکمل طور پر آگاہ ہوں۔ پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریز کے قیام سے طلبہ کو تحقیق اور عملی تعلیم کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ نہیں کہ آپ زندگی میں کتنے بڑے مقام پر پہنچتے ہیں، اصل کامیابی یہ ہے کہ آپ اپنی مادرِعلمی کے لیے کیا خدمات انجام دیتے ہیں۔ ڈائریکٹر اوورسیز 1973 المنائی ڈاکٹرالتفات حسن نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ مارٹن لوتھر کنگ کی طرح میرا بھی ایک خواب ہے کہ کوئی طالب علم محض فیس ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ المنائی نے 2024ء میں 10 بچوں کی فیس ادا کی۔ 2025ء میں یہ تعداد 15 ہوگئی۔ 2026ء میں 45 بچوں کی فیس ادا کی گئی۔ اگلے سال اس سے بھی زیادہ بچوں کی فیس دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کسی کی تعلیم کا سلسلہ منقطع نہ ہو۔ اسکواش کے عالمی چیمپیئن جہانگیر خان نے اپنے ریکارڈ شدہ پیغام میں طلبہ و طالبات سے کہا کہ جس طرح 1973 المنائی اپنے شعبے کی خدمت کر رہی ہے، اسی طرح آج کے طلبہ کل عملی زندگی میں جا کر اپنے شعبے کی خدمت کریں کیوںکہ خدمت ہی میں عظمت ہے۔
اس تقریب کے حوالے سے تاریخی حقائق یہ ہیں کہ 1973 المنائی (رجسٹرڈ) کی کاوشوں سے متاثر ہوکر امریکا کے شہر شکاگو میں مقیم 1973 ء بیچ کے ایک متمول کلاس فیلو شاہد احمد نے اپنی مادرِعلمی، کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کے لیے گراں قدر رقم کی پیش کش کی۔ چناںچہ 25 اپریل 2025ء کو ڈیپارٹمنٹ کی Revamping کا منصوبہ بنایا گیا۔ 5 اگست 2025 کو وائس چانسلر آفس میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ 9 ستمبر 2025 کو اس عالی شان تعمیراتی منصوبے ’’عزم عالی شان‘‘ کا آغاز ہوا، جس کے تحت پہلے ڈیپارٹمنٹ کی دونوں عمارتوں (ایڈمن بلاک اور سینٹرل بلاک) کی ازسرنو مرمّت کی گئی۔ پانچ ہزار گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا نیا زیرزمین ٹینک بھی تعمیر کیا گیا۔ پانی، نکاسیٔ آب و کیمیکلز اور گیس کی پائپ لائنز کو جدیدترین پائپوں سے تبدیل کردیا گیا۔ کئی کمروں میں بجلی کے نئے تار بچھائے گئے۔ ناکارہ اور پُرانے سوئچ بورڈ وغیرہ، جدید طرز کے سازوسامان سے مزّین کیے گئے۔ تمام منزلوں پر باتھ روم کو جدید فٹنگز سے آراستہ کیا گیا۔ تینوں منزلوں کی Painting مکمل کی گئی۔ لیبارٹری فرنیچر کی بڑے پیمانے پر مرمّت کی گئی۔ نئے ٹیبل ٹاپ اور دیگر سازوسامان بھی لگائے گئے۔ دو وسیع و عریض لیب کے لیے جدید ترین لیبارٹری فرنیچر چین سے درآمد کیا گیا۔ اِن آرگینک کیمسٹری لیب کو شاہد احمد سے منسوب کیا گیا، جب کہ اینالیٹیکل لیبارٹری لیب اُن کی شریکِ حیات سے منسوب کی گئی۔
Find Your Interest
- Impecável, Caio Borralho freia 'hype' de parceiro de Alex Poatan no UFC 334
- Israel mata comandante do Hamas acusado de planejar ataque de 7 de outubro de 20
- Lula critica big techs e defende soberania dos países em discurso nas Filipinas
- El Gobierno aprueba un decreto que quita ultraprocesados y bollería de hospitales y residencias
- Sparatoria a Washington, un morto e quattro feriti: uomo armato barricato in un appartamento e spara contro la polizia
- Roma, perseguita per mesi una 15enne e la palpeggia e aggredisce sulla metro: arrestato un 39enne
- Aviões de carga e de passageiros colidem no aeroporto de Miami
- Goldman Sachs vê saída de Jensen Huang como negativa para Nvidia, mas mantém compra
- Opinion: Sonia Gandhi, 'Belonging' And Why This Story Lies On Other Side Of Politics - By Shashi Tharoor
- Şeful Mossadului, în vizită la Washington, pe fondul presiunilor legate de un război cu Iranul
Current
·
C2
·2026-11





