Current
·
C2
·2026-11
چرندوں، پرندوں کے حقوق
اﷲ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو جیسی شان عطا فرمائی ہے، ان میں کوئی بھی آپؐ کا شریک نہیں لیکن ان مقامات میں بھی آپؐ کی جو شان تمام جہانوں کے لیے عام ہے وہ آپ کا رحمۃ للعالمین ﷺ ہونا ہے۔ مخلوقات میں انسان، جن، ملائکہ، چرند و پرند اور حیوانات و درندے سب آپ ﷺ کی رحمت سے فیض یاب ہوئے۔
نبی کریمؐ کی تعلیمات میں تمام مخلوقات کے لیے جو مُحبّت و رحمت کا پیغام ہے، وہ کسی اور کی تعلیمات میں نہیں ملتا، افسوس! دشمنان دین نے اسلام کو سفاکی و ظلم سے تشبیہ دی اور ہمارے سادہ لوح مسلمان ان کے اس فریب کا شکار بھی ہوگئے۔ ایسے وقت میں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی ان مبارک تعلیمات سے امّت کو آگاہ کیا جائے جو رحمت ہی رحمت ہیں، تاکہ اُمّت کو یہ احساس ہوسکے کہ ان کا رشتہ اُس رحمۃ للعالمین ﷺ سے ہے جن کی رحمت کا تعلق فقط انسان تک ہی محدود نہیں بلکہ ان کے دامن رحمت کی وسعتیں تمام مخلوقات کو اپنے اندر سموئے ہوئی ہیں۔
چرند، پرند اور حیوانات سے حسن سلوک کی آپ ﷺ کی تعلیمات محض زبانی جمع خرچ نہیں اور نہ ہی دیگر فلاسفاء کے فلسفے کی مانند ہیں کہ جس میں عمل نام کی کوئی رمق بھی نظر نہ آئے بلکہ آپؐ کی تعلیمات نے معمولات کا ایسا خوب صورت عملی نمونہ پیش فرمایا ہے کہ آج تک دنیا اس سے راہ نمائی لیتی آ رہی ہے اور لیتی ہی رہے گی۔ جانوروں سے نرمی کی ہدایات، ان سے رحم و کرم کا معاملہ، جانوروں پر ظلم کو جرم قرار دینا اور جانوروں کو تکلیف دینے کو دل کی سختی قرار دینا صرف رحمۃ للعالمین ﷺ کی ہی تعلیمات میں موجود ہے۔
حضرت سعید بن جُبیرؒ فرماتے ہیں کہ میں حضرت عبداﷲ بن عمرؓ کے ساتھ تھا، وہ چند قریشی جوانوں کے قریب سے گزرے، جو ایک مرغی کو لٹکا کر نشانہ بازی کر رہے تھے، جب انھوں نے حضرت عمرؓ کے بیٹے کو دیکھا تو فوراً منتشر ہوگئے۔ ا بن عمرؓ نے (نہایت غُصّے سے) پوچھا:
’’ایسا (غلط کام) کس نے کیا ہے؟ نبی کریم ﷺ نے اس طرح (کسی ذی روح کو باندھ کر نشانہ بازی) کرنے والے کو اﷲ کی رحمت سے دوری کی بددعا دی ہے۔‘‘ (صحیح بخاری )
حضرت جابرؓ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریمؐ کے قریب سے ایک ایسا گدھا گزرا جس کے منہ کو آگ سے داغا گیا تھا۔ آپؐ نے اس گدھے کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے پر لعنت فرمائی۔ (صحیح مسلم)
حضرت ابُوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، مفہوم:
’’ایک عورت کو بلّی باندھ کر رکھنے کی وجہ سے عذاب دیا گیا، کیوں کہ اس عورت نے نہ تو اسے کچھ کھلایا، نہ پلایا اور نہ ہی اسے آزاد کیا کہ وہ کچھ کھا پی لیتی۔‘‘ (صحیح مسلم)
حضرت شداد بن اوسؓ سے مروی ہے کہ مجھے وہ دو باتیں ابھی تک خوب یاد ہیں جو میں نے رسول اﷲ ﷺ سے سنی تھیں، مفہوم:
’’اﷲ تعالیٰ نے ہر معاملے میں احسان کو لازم قرار دیا ہے جب تم قتل کرو تو اچھی طرح قتل کرو اور جب تم کسی جانور کو ذبح کرو تو اچھی طرح سے ذبح کرو اور اپنی چُھری کو تیز کرلیا کرو، تاکہ اس کی وجہ سے ذبح ہونے والا جانور راحت پاسکے۔‘‘ (صحیح مسلم)
حضرت سہل بن حنظلہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ کا گزر ایسے اونٹ کے قریب سے ہُوا جس کی کمر اس کے پیٹ کے ساتھ لگی ہوئی تھی۔ (یعنی بھوک کی وجہ سے بہت دُبلا ہو چکا تھا) آپؐ نے فرمایا، مفہوم:
’’ان بے زبان جانوروں کے معاملے میں اﷲ سے ڈرو! انھیں اچھے طریقے سے سواری بناؤ اور جب انھیں کھاؤ تو اچھے طریقے سے کھاؤ۔‘‘ (سنن ابی داؤد)
حضرت عبداﷲ بن جعفرؓ سے مروی ہے کہ آپؐ ایک انصاری کے باغ میں تشریف لے گئے، وہاں ایک اونٹ نے جب آپؐ کو دیکھا تو رونا شروع کر دیا۔ نبی کریمؐ اس کے پاس تشریف لے گئے اور اس کے آنسو پونچھے، اس نے رونا بند کر دیا۔ آپؐ نے پوچھا کہ اس کا مالک کون ہے؟ ایک انصاری نے آ کر عرض کیا کہ یہ میرا اونٹ ہے۔ آپؐ نے فرمایا:
’’تم اس کے بارے اﷲ سے کیوں نہیں ڈرتے؟ اس نے تمھیں ان کا مالک بنایا ہے۔ اونٹ نے مجھ سے تمہاری یہ شکایت کی ہے کہ تم اس سے کام زیادہ لیتے ہو اور بُھوکا رکھتے ہو۔‘‘ (سنن ابی داؤد)
حضرت ابُوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، مفہوم:
’’ایک شخص کہیں چلا جا رہا تھا کہ اسے پیاس نے بے تاب کر دیا۔ چناں چہ وہ کنویں میں اترا اور پانی پی لیا۔ اس کے بعد جب وہ کنویں سے باہر نکلا تو اس نے دیکھا کہ ایک کتّا پیاس کی وجہ سے ہانپ رہا تھا اور شدت پیاس سے کیچڑ چاٹ رہا تھا۔ اس شخص نے خود سے کہا کہ اس کتّے کو بھی میری ہی طرح پیاس لگی ہے چناں چہ وہ دوبارہ کنویں میں اترا اور اپنے موزے میں پانی بھر لایا اور کتّے کے سامنے رکھا، کتّے نے پانی پیا اس کی جان میں جان آگئی۔ اس وجہ سے اﷲ رب العزت نے اس بندے کی قدردانی فرمائی اور اس کی مغفرت کر دی۔‘‘
صحابہ کرامؓ نے پوچھا: یا رسول اﷲ ﷺ! کیا ہمیں جانوروں سے اچھا سلوک کرنے پر بھی اجر ملے گا؟
تو آپؐ نے فرمایا: ’’ہر تر جگر رکھنے والے ذی روح کے ساتھ اچھا سلوک کرنے پر اجر ہے۔‘‘ (مفہوم: سنن ابی داؤد)
عرب کے بدو زندہ اونٹوں کی کوہانیں اور چلتے پھرتے جانوروں کے اعضاء کاٹ لیتے تھے۔ آپ ﷺ نے ان کے حقوق کی طرف توجہ دلائی۔ جانوروں سے اچھا سلوک کیا جائے پالنے کی صورت میں ان کے کھانے پینے کا اچھا بندوبست کرو۔ بھوکا پیاسا نہ مارو، طاقت سے زیادہ کام نہ لو۔ جانوروں کے سامنے چُھری تیز نہ کرو، کُند چُھری سے ذبح نہ کرو۔
پرندے پالنا شرعاً جائز ہے، ان کی خوراک کا انتظام ضرور کیا جائے۔ پنجرہ کشادہ ہونا چاہیے اور رہائش کا انتظام بہتر ہونا چاہیے، اگر بیمار ہوجائیں تو علاج کیا جائے۔ گھر یا مال مویشی کی چوکی داری کے لیے کُتّا پالنا جائز ہے۔ تمام نقصان پہنچانے والے جانور جیسے سانپ، بچھّو وغیرہ کو مارنا ضروری ہے۔ چوہے جو گھر کی چیزوں کا نقصان کریں، ان کو مارنا جائز ہے۔ بھڑ اور مچھر وغیرہ کو مارنا بھی درست ہے۔ اگر کتّا باؤلا ہوجائے تو اسے ماردینا جائز ہے۔ کھٹمل، پسّو، جوئیں اور نقصان دہ حشرات الارض کو مارنا جائز ہے۔ بلّی کو نہ ماریں، ہاں اگر نقصان کرتی ہے تو پھر اتنا مارنا جس سے وہ جگہ چھوڑ جائے، جائز ہے۔
اﷲ تعالیٰ ہمیں شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین
Find Your Interest
- Impecável, Caio Borralho freia 'hype' de parceiro de Alex Poatan no UFC 334
- Israel mata comandante do Hamas acusado de planejar ataque de 7 de outubro de 20
- Lula critica big techs e defende soberania dos países em discurso nas Filipinas
- El Gobierno aprueba un decreto que quita ultraprocesados y bollería de hospitales y residencias
- Sparatoria a Washington, un morto e quattro feriti: uomo armato barricato in un appartamento e spara contro la polizia
- Roma, perseguita per mesi una 15enne e la palpeggia e aggredisce sulla metro: arrestato un 39enne
- Aviões de carga e de passageiros colidem no aeroporto de Miami
- Goldman Sachs vê saída de Jensen Huang como negativa para Nvidia, mas mantém compra
- Şeful Mossadului, în vizită la Washington, pe fondul presiunilor legate de un război cu Iranul
- Opinion: Sonia Gandhi, 'Belonging' And Why This Story Lies On Other Side Of Politics - By Shashi Tharoor
Current
·
C2
·2026-11





