Current
·
C2
·2026-11
دو انتہائی خطرناک فلیش پوائنٹس
اس وقت دنیا میں کئی فلیش پوائنٹس ہیں لیکن ان سب میں دو جنگیں پھیل کر بڑی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔ایک میں امریکا براہِ راست شریک ہے اور دوسری جنگ شروع تو اس نے کرائی لیکن وہاں وہ مہلک اسلحہ،خفیہ جانکاری اور مشاورتی مدد تو کر رہا ہے لیکن براہِ راست شریک نہیں۔ دونوںجنگوں سے امریکا تھک کر نکلنا چاہتا ہے لیکن حالت ایسی ہے کہ کمبل جان نہیں چھوڑ رہا۔ ایران کے ساتھ امریکا براہِ راست جنگ میں ملوث ہے گو کہ یہ جنگ اس کی اپنی نہیں،اصل میں اسرائیل کی انتہائی ناجائز جنگ ہے۔یہ جنگ امریکا نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نتن یاہو کے اصرار پر شروع کی۔اس جنگ سے امریکا کو بہت نقصان ہوا۔خلیج میں اس کے اڈے نشانہ بنے۔ فوجی مارے گئے، بہترین راڈار تباہ ہوئے۔کئی جہاز مار گرائے گئے اور کئی امریکی ایئر بیسز یعنی اڈے نشانہ بنے۔خلیجی اتحادی ممالک نشانہ بنے۔امریکی قوت و طاقت کا بھرم ٹوٹا،اس کا واحد سپر پاور کا مقام اس سے بہت حد تک چھن گیا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس جنگ کے ذریعے مطلوبہ اہداف ایک سراب ہی رہے۔امریکا اور اسرائیل دونوں ایٹمی قوت ہیں لیکن دونوں انتہائی طاقتور ممالک اپنی مرضی کے نتائج حاصل نہ کر سکے۔
اس جنگ میں ایران تہہ و بالا ہو گیا۔اس کے سپریم لیڈر شہید ہوگئے۔بہت تباہی ہوئی۔بچیوں کے ایک اسکول پر امریکی و اسرائیلی بمباری سے معصوم ننھی طالبات شہید ہوئیں۔سپریم لیڈر کے ساتھ ان کے خاندان کے افراد اور اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت جان سے گئی۔ ایران میں نیوی تقریباً ختم ہو گئی۔ایرانی معیشت کتنی دگرگوںہے اس کا اندازہ اس امر سے لگا لیں کہ ایرانی کرنسی کی بالکل کوئی ویلیو نہیں۔عوام بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔اس سب کے باوجود ایران کی مذہبی حکومت قائم ہے اور رجیم چینج کا امریکی، اسرائیلی و مغربی منصوبہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ امریکی مِڈ ٹرم انتخابات کے فوراً بعد ایران پر شدید ترین حملہ ہوگا۔اندیشہ تھا کہ اب کی بار ایران کی پیٹھ لگنے کو یقینی بنانے کے لیے مدر آف آل بمزMother of all bombsاستعمال ہوگا۔یہ30ہزار پونڈ وزنی بم ہے جو اپنے وزن اور ایندھن کے سبب بہت گہرائی میں جا کر تباہی مچاتا ہے۔یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جنگ کو ختم کرنے کے لیے شاید وہی کیا جائے جو دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے لیے جاپان کے ساتھ کیا گیا تھا یعنی ایٹمی اسلحے کا استعمال ہو۔مڈ ٹرم انتخابات سے پہلے صدر ٹرمپ کا لہجہ خاصا جارحانہ تھا۔بہت بڑے پیمانے پر مہلک اسلحہ خلیجی علاقے میں منتقل کیا جا رہا تھا۔
تین طیارہ بردار بحری بیڑے خلیج میں تعینات کر دیے گئے۔امریکی سفارتی مشنوں میں بہت ضروری اسٹاف و افسران کو چھوڑ کر باقی افراد کو اپنی پوزیشنیں چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ سے دور ہو جانے کا کہا گیا۔یہ سب اقدامات اس بات کا عندیہ دے رہے تھے کہ بہت سخت حملہ متوقع ہے لیکن 3نومبر کے مِڈ ٹرم انتخابات کو دو ہفتے ہونے کو ہیں اور ابھی ممکنہ حملہ نہیں ہوا۔اس دوران صدر ٹرمپ کے بیانات کچھ ہومیوپیتھ قسم کے آئے ہیں اور بظاہر ایک امید پیدا ہو چلی ہے کہ شاید حملہ نہ ہو اور مزید تباہی سے بچ نکلا جائے ۔حملہ ہو یا نہ ہو یہ طے ہے کہ اس جنگ کے خاتمے پر ایران خطے پر حاوی ملک بن کر ابھرے گا۔ کیا یہ تشویشناک بات نہ ہو گی۔
بظاہر ایران پر حملے کے امکانات کم ہو رہے ہیں لیکن دوسری طرف امریکا شدید حملے کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔امریکی بھاری اسلحہ بدستور خلیج پہنچ رہا ہے ۔نتن یاہو ابھی تک وزیرِ اعظم ہیں وہ صدر ٹرمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ امریکا ایران پر حملہ کر دے۔ذرائع کے مطابق ٹرمپ کو اس کی انتظامیہ اور سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے حملے کے لیے تجاویز پیش کی ہیں جنھیں ابھی تک پذیرائی نہیں ملی۔اس بات کے واضح اشارے ملے ہیں کہ ایران پر اسٹرائیک ہوئی تو جواب میں ایران بھی اسٹرائیک کرے گا۔اب بھی چھوٹی موٹی چاند ماری روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہے لیکن یہ جھڑپیں،خبر کم ہی بنتی ہیں۔
نائب صدر جے ڈی وینس کو صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کو چھوڑیں اور دوسرے اہم معاملات پر دھیان دیں۔مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اس وقت تک غیر مستحکم رہے گی جب تک یہ کنفلکٹ ختم نہیں ہو جاتا۔صدر ٹرمپ کے بیانات پر کوئی نتیجہ نکالنا اچھا نہیں۔اصل میں دیکھنا یہ چاہیے کہ وہ کرتے کیا ہیں۔اگر اگلے 8 ہفتے امریکا ایران پر شدید حملہ نہیں کرتا تو پھر امکان ہو سکتا ہے کہ کنفلکٹ ختم ہونے کی طرف چلا جائے۔امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ جنوری2027 میںاپنی نئی شکل میں ہوگی اور اس بات کا بھی بہت امکان ہے کہ نتن یاہو بھی وزارتِ عظمیٰ کی کرسی پر نہ ہو۔امریکی کانگریس اس جنگ کے لیے مطلوبہ فنڈز روک سکتی ہے۔ویت نام کی جنگ بھی اسی وقت خاتمے کی طرف بڑھی تھی جب کانگریس نے مزید فنڈز جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ایک بات یقینی ہے کہ صدر ٹرمپ ایران سے اپنی مرضی کی ڈیل حاصل نہیں کر سکیں گے کیونکہ ایران کے ہتھیار ڈالنے سے کم کوئی ڈیل یہ باور کراتی رہے گی کہ ٹرمپ جنگ میں ناکام رہے۔
مِڈ ٹرم الیکشن میں شکست کے بعد اب وہ کسی دوسری شکست کے متحمل شاید نہ ہوسکیں۔صدر ٹرمپ کے لیے اب بہترین راستہ یہی ہے کہ وہ جنگ سے کنارہ کشی اختیارکر لیں کہ میں نے ایران کے نیوکلئر پروگرام کا خاتمہ کر دیا ہے۔وقت کے ساتھ ساتھ ایران پر لگی پابندیاں ماند پڑتی جائیں گی اور ایران دوسرے ممالک کے ساتھ کاروبار کرنے اور تیل بیچنے کے قابل ہو جائے گا۔اب تک ٹرمپ جنگ سے واک اوے Walk away اس لیے نہیں کر سکے کیونکہ ایران کی امریکا نے بحری ناکہ بندی کی ہوئی ہے جو ایک جنگی کارروائی ہے۔ حالات ایران کو ایٹمی طور پر مسلح ہونے کی طرف راغب کر رہے ہیں۔
امریکا یوکرین جنگ سے اکتا چکا ہے اور اس وقت اپنے تئیں ایک ثالث کا کردار ادا کرنے کی کوشش میں ہے۔ابوظہبی میں اسی سلسلے کی ایک سہہ فریقی ملاقات ہوئی جس میں امریکا،روس اور یوکرین شریک ہوئے۔صدر پیوٹن نے اصرار کیا کہ یورپ اس ملاقات میں میز پر نظر نہ آئے اور ایسا ہی ہوا۔اس ملاقات میں قیدیوں کے تبادلے کے علاوہ اور کچھ حاصل نہ ہو سکا۔اس ملاقات کے فوراً بعد صدر ٹرمپ کے دو ایلچیوں جیرڈ کشنر اور سٹیو وڈ کاف صدر پیوٹن سے ملاقات کے لیے ماسکو پہنچے۔
یہ اس سلسلے کی غالباً چھٹی کوشش تھی۔ ملاقات کا حال جاننے والوں کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن بہت سنجیدہ تھے۔انھوں نے ایک بار پھر اپنے نقطۂ نظر کو دہرایا اور کوئی رو رعایت نہیں دی۔ یہ ہر حوالے سے ایک ٹھنڈی برفیلی ملاقات تھی۔ انھوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے پر بات چیت کو آگے بڑھانے سے پہلے یورپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے یا اسے اور فروغ دینا چاہتا ہے۔اگر یورپین رویہ اچھا ہوا تو وہ بھی ویسا ہی جواب دیں گے لیکن موجودہ یورپین رویہ کو دیکھتے ہوئے روس تمام چیلنجوں سے نبٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اب تک صورتحال میں کوئی مثبت تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔روس نے فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد یوکرین کے بہت سے علاقوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ مسلسل آگے ہی سرک رہا ہے۔حالات کی جانکاری رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ جنگ میں روس کی پوزیشن مضبوط ہے اور وہ یوکرین کی بہت خوبصورت و اہم بندرگاہ اوڈیسہ پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ روسی فوجیوں کی اموات کے مقابلے میں یوکرینی فوجیوں کی اموات کم از کم تین گنا زیادہ ہیں۔روسی افواج اگر دس تابوت اٹھاتی ہیں تو یوکرین 30تابوت اُٹھاتا ہے۔روس یوکرین جنگ شروع ہونے سے پہلے صدر پیوٹن اور سابق صدر جو بائیڈن کے درمیان طے پا گیا تھا کہ یوکرین کو نیٹو کا ممبر نہیں بنایا جائے گا لیکن اس وقت کے امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن ،وزیرِ دفاع اور چند دوسرے افراد نے بائیڈن سے کہا کہ ہم کیوں روس کی باتوں میں آئیں۔
روس کی باتوں اور وارننگز کو نظر انداز کرتے ہوئے یوکرین کو نیٹو کا ممبر بنانے اور یورپین یونین کی سرحدیں آگے بڑھانے پر کام شروع کر دیا گیا۔ان اقدامات کو دیکھتے ہوئے روس نے فوجی آپریشن شروع کر دیا۔اب بھی روسی پوزیشن تقریباً وہی ہے۔روس چاہتا ہے کہ یوکرین کو نیٹو کا ممبر ملک نہ بنایا جائے اور یورپی یونین کی سرحدیں روس کی سرحدوں تک نہ لائی جائیں۔ روس یہ بھی چاہتا ہے کہ اس نے یوکرین کے جن علاقوں پر قبضہ جما لیا ہے وہ اس کے پاس ہی رہنے دئے جائیں۔ یوکرین اگر اس آخری پوائنٹ پر راضی ہو جائے تو صدر زیلنسکی کی سیاسی موت ہو گی اور یوکرین بہت نقصان میں رہے گا۔18/19نومبر کو چین میں تین بڑوں صدر شی،صدر پیوٹن اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی ہے۔ امید ہے کہ اس سلسلے میں کوئی پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔
Find Your Interest
- Impecável, Caio Borralho freia 'hype' de parceiro de Alex Poatan no UFC 334
- Israel mata comandante do Hamas acusado de planejar ataque de 7 de outubro de 20
- Lula critica big techs e defende soberania dos países em discurso nas Filipinas
- El Gobierno aprueba un decreto que quita ultraprocesados y bollería de hospitales y residencias
- Sparatoria a Washington, un morto e quattro feriti: uomo armato barricato in un appartamento e spara contro la polizia
- Roma, perseguita per mesi una 15enne e la palpeggia e aggredisce sulla metro: arrestato un 39enne
- Aviões de carga e de passageiros colidem no aeroporto de Miami
- Goldman Sachs vê saída de Jensen Huang como negativa para Nvidia, mas mantém compra
- Şeful Mossadului, în vizită la Washington, pe fondul presiunilor legate de un război cu Iranul
- Opinion: Sonia Gandhi, 'Belonging' And Why This Story Lies On Other Side Of Politics - By Shashi Tharoor
Current
·
C2
·2026-11





