ہر سال بیس نومبر کی صبح جب عالمی یومِ اطفال کی مناسبت سے ایوانوں میں رسمی بیانات کے پھول برسائے جاتے ہیں اور پرشکوہ تقاریب میں معصوم کلیوں کے روشن مستقبل کے سنہرے خواب بنے جاتے ہیں، عین اسی لمحے پاکستان کی گلیوں، اینٹوں کے تپتے بھٹوں، گاڑیوں کی تاریک ورکشاپوں، کچی آبادیوں کے تعفن زدہ ماحول اور گھروں کی بند چار دیواریوں کے پیچھے کروڑوں معصوم روحیں اپنے بنیادی انسانی حقوق، تحفظ اور بچپن کی معصومیت کے لیے سسک رہی ہوتی ہیں، کیونکہ ایک بچے کی آنکھوں میں پلنے والے مستقبل کے بے شمار خواب، جن میں کوئی ڈاکٹر، کوئی استاد اور کوئی سائنس دان بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہے۔ محض ذاتی محنت یا صلاحیت کے مرہونِ منت نہیں ہوتے بلکہ ان سماجی، معاشی اور تحفظاتی حالات کے تابع ہوتے ہیں جن میں وہ آنکھ کھولتا اور پرورش پاتا ہے، مگر ہمارے ہاں جب غربت کا عفریت کسی معصوم کو اسکول کی دہلیز کے بجائے رزق کی کٹھن تلاش میں گھر سے نکلنے پر مجبور کر دیتا ہے، جب بھوک اور غذائی قلت اس کی توجہ کتاب کے حروف سے ہٹا کر روٹی کے ایک ٹکڑے پر مرکوز کر دیتی ہے اور جب عدم تحفظ اور تشدد کا خوف اس کی شخصیت کو اندر سے توڑ دیتا ہے تو اس کا بچپن خاموشی سے اپنی تمام تر رعنائیوں اور خوشیوں سے محروم ہو کر وقت سے پہلے ہی بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھ دیتا ہے، حالانکہ اقوامِ متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن کے تحت زندہ رہنے، صحت مند نشوونما پانے، معیاری تعلیم حاصل کرنے، کھیلنے کودنے اور ہر قسم کے امتیازی سلوک، استحصال اور تشدد سے محفوظ رہنے کا حق ہر بچے کو پیدائشی طور پر حاصل ہے، لیکن زمینی حقائق اس عالمی عہد نامے کی کھلی نفی کرتے دکھائی دیتے ہیں جہاں پیدائش کے پہلے سانس سے ہی مشکلات کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ عالمی اداروں کے اعداد و شمار گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرحِ اموات فی ہزار زندہ پیدائشوں پر تقریباً چھپن اور نوزائیدہ بچوں کی اموات چھتیس کے قریب ہیں جن کی بنیادی وجوہات ماں کی دوران حمل ناکافی نگہداشت، محفوظ زچگی کی سہولتوں کا فقدان، قبل از وقت پیدائش، نمونیا، اسہال اور وہ شدید غذائی قلت ہے جس کے باعث ملک کے تقریباً چالیس فیصد بچے عمر کے لحاظ سے پست قد اور جسمانی و ذہنی کمزوری کا شکار ہو کر اپنی آیندہ نسلوں کی تخلیقی صلاحیتوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں، اور اس المیے کی شدت سندھ کے صحرائی علاقوں تھرپارکر اور عمرکوٹ سے لے کر بلوچستان کے دور افتادہ سنگلاخ پہاڑوں، جنوبی پنجاب کے پسماندہ دیہاتوں اور خیبر پختونخوا کے کوہستانی و ضم شدہ اضلاع تک ایک جیسی کربناک دکھائی دیتی ہے، جہاں بنیادی مراکز ِ صحت کی زبوں حالی، ہنگامی زچگی کی محدود سہولتوں، صاف پانی کی نایابی اور حفاظتی ٹیکہ کاری میں تسلسل کی کمی معصوم جانوں کو قبل از وقت لقمہ اجل بنا دیتی ہے اور اگر کوئی خوش نصیب بچہ زندگی بچانے کی اس کٹھن جنگ میں سرخرو ہو بھی جائے تو اس کے سامنے سب سے بڑا معرکہ شعور و آگاہی کی روشنی یعنی تعلیم تک رسائی کا ہے۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں پانچ سے سولہ سال کی عمر کے تقریباً دو کروڑ اکیاون لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جو اس عمر کے کل بچوں کا پینتیس فیصد بنتا ہے، جن میں بلوچستان کے انہتر فیصد، سندھ کے چوالیس فیصد، خیبر پختونخوا کے چونتیس فیصد اور پنجاب کے ستائیس فیصد بچے شامل ہیں جن کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب کے بجائے مشقت کے اوزار تھما دیے گئے ہیں اور یہی تعلیمی محرومی و معاشی بدحالی بچوں سے جبری مشقت یعنی چائلڈ لیبر جیسے ناسور کو جنم دیتی ہے جس کی لپیٹ میں پاکستان کے پانچ سے سترہ سال کی عمر کے تقریباً چھیاسی لاکھ معصوم بچے آ چکے ہیں اور ان میں سے بھی تقریباً چھیاسٹھ لاکھ بچے انتہائی خطرناک اور جان لیوا کاموں میں جھونک دیے گئے ہیں جن میں سے اٹھاسی فیصد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے،جہاں کھیتوں، بھٹوں، کارخانوں اور گھریلو ملازمت کی آڑ میں نہ صرف ان کا بچپن روند ڈالا جاتا ہے بلکہ انھیں جسمانی تشدد، ذہنی اذیت اور انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کے خلاف تشدد اور جنسی استحصال کا عفریت روز بروز بے قابو ہوتا جا رہا ہے جس کی ہولناک تصویر غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹس میں یوں ابھرتی ہے کہ سال دو ہزار چوبیس میں بچوں کے خلاف تشدد اور استحصال کے تین ہزار تین سو چونسٹھ واقعات رپورٹ ہوئے جو دو ہزار پچیس میں بڑھ کر تین ہزار چھ سو تیس تک جا پہنچے جب کہ دو ہزار چھبیس کے محض ابتدائی چھ ماہ میں ہی ایک ہزار نو سو چودہ ایسے دلخراش واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ جن میں جنسی استحصال، اغوا، کم عمری کی شادی، بچوں سے متعلق فحش مواد کی تیاری اور سڑک کنارے لاوارث پھینک دیے جانے والے شیرخوار بچوں کے المیے شامل ہیںکیونکہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے بے لگام پھیلاؤ نے سائبر ہراسانی، آن لائن بلیک میلنگ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے استحصال کے نئے دروازے کھول دیے ہیں اور یونیسف کی حالیہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں بارہ سے سترہ سال کے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ہر سولہ میں سے ایک بچے کو یعنی تقریباً پندرہ لاکھ بچوں کو آن لائن استحصال یا بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب امتحانات کا غیر فطری دباؤ، والدین کی بے جا توقعات، معاشرتی تقابل اور ناکامی کا خوف بچوں کی ذہنی صحت کو دیمک کی طرح چاٹ کر انھیں بے چینی، ڈپریشن اور تنہائی کے اندھیروں میں دھکیل رہا ہے، اور اس پورے منظرنامے میں بچیوں، معذور بچوں اور اقلیتی یا پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے معصوموں کی محرومیاں دوچند ہو جاتی ہیں، جہاں کم عمری کی شادی بچیوں کی جسمانی نشوونما اور تعلیمی سفر کو ادھورا چھوڑ دیتی ہے تو وہیں سرکاری اسکولوں میں معذور بچوں کے لیے ریمپ، قابلِ رسائی بیت الخلا اور تربیت یافتہ عملے کی شدید کمی کے باعث جسمانی یا ذہنی معذوری کے حامل بچے داخلے کے باوجود حقیقی تعلیم اور سماجی شمولیت سے محروم رہتے ہیں، حالانکہ آئین ِ پاکستان کا آرٹیکل پچیس اے ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ پانچ سے سولہ سال تک کے ہر بچے کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرے اور بچوں کو ہر قسم کی جبری و خطرناک مشقت اور استحصال سے تحفظ دے، اور اس ضمن میں وفاقی و صوبائی سطح پر بچوں کے تحفظ، جسمانی سزا کی ممانعت اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے قوانین بھی کاغذوں کی زینت بنے ہوئے ہیں، مگر المیہ یہ ہے کہ قوانین کی کتابوں میں درج یہ سنہری الفاظ اس وقت تک بے اثر رہیں گے جب تک ان پر سختی سے عمل درآمد، چائلڈ پروٹیکشن اداروں کی حقیقی فعالیت، مجرموں کو عبرتناک سزاؤں کی فراہمی اور غریب خاندانوں کی معاشی خوشحالی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، کیونکہ کسی بھی بچے کی غربت، بیماری، جہالت یا اس پر ہونے والے تشدد کو اس کا مقدر قرار دے کر آنکھیں چرا لینا ایک زندہ قوم کے شایانِ شان نہیں ہو سکتا۔اس لیے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر ہمیں رسمی تقریروں، سیمیناروں اور کھوکھلے وعدوں کے حصار سے نکل کر ایک ایسے اجتماعی قومی عزم کا آغاز کرنا ہوگا جہاں ریاست، والدین، اساتذہ، طبی کارکن اور سول سوسائٹی مل کر ہر بچے کی پیدائش کے اندراج، مکمل حفاظتی ٹیکہ کاری، متوازن غذا، معیاری و محفوظ تعلیم اور خوف و تشدد سے پاک ماحول کی ضمانت دیں، تاکہ ہمارے آنگنوں میں کھلنے والی یہ معصوم کلیاں مرجھانے کے بجائے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ مہک سکیں، کیونکہ بچپن کا تحفظ محض ایک سماجی یا اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ ایک مضبوط، مہذب اور روشن پاکستان کی تعمیر کا اولین اور اٹل اصول ہے۔