راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو پاکستان کے خلاف اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے مزید 60 رنز درکار ہیں اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔ سری لنکا نے تیسرے روز 74 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو 99 کے مجموعی اسکور پر دھننجیا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 134 کے مجموعی اسکور پر پاسندو سوریا بندارا غیر ضروری شاٹ کھلینے کی کوشش میں 38 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ کھانے کے وقفے تک سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کی جانب سے رضا اللہ اور عامر جمال نے 2، 2 وکٹیں جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ثاقب خان وکٹ حاصل کرنے کے فوراً بعد ہیمسٹرنگ انجری کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے اور اب وہ میچ میں مزید بولنگ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی تاہم اسے 227 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ غازی غوری 54، اذان اویس 47، طیب عارف 46 اور رضااللہ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5، اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ ملن رتھنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔