بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ دیا مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں نواز الدین صدیقی کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کو ایک ڈراؤنا تجربہ قرار دیا تھا جس پر نواز الدین صدیقی نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے جواب دیا کہ ’رویے میں کمی نکالنا آسان ہے، کام میں نکال کر دکھائیں۔‘ دونوں فنکاروں کے درمیان اس اچانک لفظی تبادلے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا خیال ہے کہ یہ کسی نئے منصوبے کی تشہیری مہم ہو سکتی ہے، جبکہ دیگر نے اسے تشہیر کا نامناسب طریقہ قرار دیا۔ تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے کسی تشہیری مہم کی تصدیق نہیں کی گئی۔