ایران اور امریکا کے درمیان جاری محاذ آرائی خلیجی ممالک تک پھیلتی دکھائی دے رہی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے کویت میں واقع علی السالم فوجی اڈے پر امریکی دفاعی اور میزائل تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اس کارروائی میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے علاوہ ڈرون اور میزائل داغنے کے لیے استعمال ہونے والے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب کا یہ دعویٰ ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والے فوجی بیان میں کیا گیا اور کہا کہ ان حملوں میں امریکی فوج کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ایران کے کویت پر اس حملے کو ستمبر کے بعد کویت میں امریکی اتحادی فوجی اڈے کے خلاف ایران کی پہلی رپورٹ شدہ کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کویتی فوج کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی دفاعی تنصیبات نے دشمن ملک کے ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بناکر حملوں کو ناکام بنادیا۔ کویتی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا کہ دھماکوں کی آنے والی آوازیں دراصل ملکی فضائی دفاعی نظام کی ایرانی ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کے باعث سنائی دیتی ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کویت میں امریکی فوج کے اڈے پر حملے کا یہ واقعہ امریکا کے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے قشم جزیرے پر میزائل حملے کے بعد سامنے آیا۔ ادھر بحرین نے بھی ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران امریکی طیارہ بردار جہاز تھیوڈور روزویلٹ کی مشرقِ وسطیٰ آمد سے خطے میں امریکی بحری موجودگی بڑھ کر تین طیارہ بردار جنگی گروپوں تک پہنچ گئی۔