ترکیئے کا قومی دن 29 اکتوبر کو منایا گیا۔ جدید ترکیئے کا قیام 29 اکتوبر 1923 کو عمل میں آیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانہ میں خصوصی تقریب میں شرکت کی۔پاک ترکیہ تعلقات کی تاریخ پرانی ہے، ہندوستان کے مسلمان خلافت عثمانیہ کے عقیدت مند تھے۔ جب خلافت عثمانیہ ختم کرکے جدید ترکی کی بنیاد رکھی گئی تو مولانا محمد علی جوہر کی قیادت میں خلافت کی بحالی کے لیے تحریک چلائی گئی تھی۔ مہاتما گاندھی اس تحریک میں مسلمانوں کے ساتھ تھے۔ جنرل ایوب خان دور میں ترکی اور ایران کے ساتھ جولائی 1964 میں آر سی ڈی (Regional Cooperation Development Agreement )۔ اس معاہدے کے تحت کراچی، کوئٹہ اور قندھار تک جانے والے آر سی ڈی ہائی وے کی تعمیر کی گئی۔ ترکیئے مکہ معاہدے کا بھی رکن ہے۔ بنگلہ دیش، مصر اور کئی ممالک مکہ معاہدہ میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔ جدید ترکی کی بنیاد مصطفی کمال پاشا نے رکھی۔ ترکی میں جدید فکری تحریک میں ضیاگو کلپ نے بنیادی کردار ادا کیا۔ انھوں نے ترک نیشنل ازم کی نئی فکری بنیادیں استوار کی ۔ ضیاگو کلپ نے اپنے افکار میں ترکی کے تین مسائل زیر بحث لائے۔ ۱) ترکی قومیت ۲) امت مسلمہ ۳) یورپی تہذیب۔ اسی طرح جدید ترکی کی فکری تہذیب کے بانی ضیاگو کلپ جمہوری ترکیہ کی پہلی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے رکن بنے اور 1924 میں صرف 49 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ مصطفی کمال اتاترک 1881میں سلونیکا میں پیدا ہوئے۔ وہ 56 یا 57 سال کی عمر میں 10 نومبر 1938 کو انتقال کرگئے۔ کمال اتاترک نے پہلی جنگ عظیم میں حصہ لیا ، انھوں نے ریپبلیکن پارٹی کی بنیاد تھی۔ جب 1915 میں پہلی جنگ عظیم کے دوران برطانیہ، نیوزی لینڈ، فرانس اور آسٹریلیا کی اتحادی افواج کو درہ دانیال اور کیلی پولی میں شکست فاش دی ۔ کیلی پولی میں مصطفی کمال قومی ہیرو کے طور پر ابھرے، ان کو پاشا کا خطاب دیا گیا۔ کیلی پولی کی جنگ میں برطانیہ اور اس کی اتحادی فوجوں کو برطانوی سامراج کے جدید بحری بیڑے میں مدد حاصل تھی۔ مصطفی کمال اتاترک نے 21 جون 1919 کو سیاسی جنگ آزادی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد انھوں نے مجلس ملی کا اعلان کرتے ہوئے قومی کانگریس بلائی۔ یونان کی فوجوں نے ازمیر پر قبضہ پر ہی بس نہ کی۔ انقرہ پر بھی حملے کیے گئے۔ کمال اتاترک اور عصمت انونو کی قیادت میں ترک افواج نے یونانی افواج کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کا آغاز کیا، یونانی فوجوں کو پہلے سقاریہ پر شکست دی گئی اور پھر اگست 1922کو ترکیہ کی فوج نے یونان کو مکمل طور پر شکست دے دی۔ یکم نومبر 1922 کو کمال اتاترک نے سلطنت عثمانیہ کے خاتمہ کا اعلان کیا۔ 17 نومبر کو سلطان عبدالمجید استنبول فرار ہوگیا۔ 9اکتوبر 1923 کو انقرہ کو جدید ترکی کا دارالحکومت بنایا گیا۔ کمال اتاترک نے ایک جدید ترکی کی بنیاد رکھ کر ایک ایسے انقلاب کا آغاز کیا جس کا مقصد ترکی کو دنیا کے جدید اور ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرانا تھا۔ مصطفی کمال پاشا کی سیکولر اصلاحات نے ترکی کو ایک جدیدیت کی راہ پر ڈالا۔ یورپی محقق پیٹرک گرامی نے اپنی کتاب’’اتاترک، قوم اور جمہوریہ کا تصور‘‘ (جس کا ترجمہ ہما انور نے کیا ہے) میں لکھا ہے کہ مغربی سامراجی طاقتوں کی آلہ کار ریاستوں نے جہاں اتاترک کی کردارکشی میں 9دہائیاں لگائیں ،اتاترک نے نئی ریاست کی بنیاد ایک سماجی و سیاسی انقلاب کے اصولوں پر رکھی جس کا اہم ستون سیکولر ازم تھا جہاں پر خاندان بادشاہیہ کے بجائے عوامی ریاست (ری پبلک) کا تصور پیش کیا گیا۔ مصطفی کمال کا تبدیلی کا تصور قدامت پسندوں سے مختلف تھا۔ وہ ملک کا سیاسی ڈھانچہ تبدیل کرنا چاہتے تھے تاکہ لوگوں کو عوامی خودمختاری کے نئے تصور سے روشناس کرایا جائے۔ کمال اتاترک کے کچھ اخلاقی اصول تھے اور اپنے مقصد کے حصول کے لیے ایک عزم تھا ۔ مصطفی کمال پاشا اور ان کے ساتھیوں نے اسے ترک تاریخ میں فیصلہ کن موڑ کی حیثیت سے دیکھا۔ مصطفی کمال پاشا نے پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد نیشنل اسمبلی میں افتتاحی تقریر کی جس نے تحریک کی صورت اختیار کرلی۔ اس گرینڈ نیشنل اسمبلی نے مصطفی کمال کو صدر کی حیثیت سے منتخب کیا اور پھر کابینہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس گرینڈ اسمبلی نے ایک ایکٹ منظور کیا جس نے عوام کی بلامشروط خودمختاری کی توثیق کی۔ مصطفی کمال نے سوویت یونین سے 16 مارچ 1921 کو ایک معاہدہ کیا۔ یہ’’معاہدہ ماسکو‘‘ کے نام سے مشہور ہوا۔ مصطفی کمال اور اسٹالن نے مذاکرات کے ذریعہ سرحدات سمیت تمام معاملات طے کیے جو آج بھی کسی تنازع کے بغیر قائم ہیں۔ اس دور میں بھی کردوں کی بغاوت سے نئے خطرات پیدا ہوگئے۔ کرد حملہ کو ناکام بنانے کے بعد کمال اتاترک نے کئی اصلاحات کیں۔ کمال مصطفی نے خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دلانے کے لیے قانون سازی کی۔ اب نئی حکومت کی پالیسی کے تحت خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں متحرک نظر آنے لگیں۔ اتاترک نے اپنی تقاریر میں یہ کہنا شروع کیا کہ خواتین کو مردوں جیسی تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیا سول کوڈ اسمبلی نے منظور کیا۔ نیا عدالتی نظام وجود میں آیا۔ کمال اتاترک پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ان کی جان تو بچ گئی مگر ان کی صحت مسلسل خراب ہوتی گئی اور وہ جگر کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔ کمال اتاترک 1938 میں انتقال کرگئے مگر ترکی کو ایک جدید سیکولر ریاست میں تبدیل کرگئے، آج ترکی ترقی کی دوڑ میں بہت سے ممالک سے آگے ہے۔