نیپال میں کیاکنگ کے دوران ڈوبتے ڈوبتے بچا، کوئی مدد کو نہیں آیا: امیتابھ بچن
بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ نیپال میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کیاکنگ کرتے ہوئے ان کی چھوٹی کشتی الٹ گئی تھی اور وہ پانی میں پھنس گئے تھے۔ ان کے مطابق کافی دیر تک کسی نے انہیں بچانے کی کوشش نہیں کی، تاہم بعد ازاں آبشار کے قریب موجود ایک شخص نے صورتِ حال بھانپ کر انہیں پانی سے باہر نکالا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت یابی کے بعد امیتابھ بچن ایک مرتبہ پھر ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 18 کی میزبانی کر رہے ہیں۔ پروگرام کی حالیہ قسط میں ایک امیدوار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نیپال میں پیش آنے والے اس خوف ناک واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔
امیتابھ بچن کے مطابق وہ ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں نیپال میں موجود تھے، جہاں کسی نے انہیں کیاکنگ کا مشورہ دیا۔ ابتدا میں وہ اس سرگرمی کے لیے تیار نہیں تھے، لیکن بعد میں انہوں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔ اداکار نے بتایا کہ کیاک، جو کیاکنگ کے لیے استعمال ہونے والی چھوٹی کشتی ہوتی ہے، انتہائی تنگ تھی اور اس میں بیٹھنے کے لیے انہیں تقریباً 45 منٹ تک کوشش کرنا پڑی۔
ان کے مطابق کشتی میں سوار ہونے کے کچھ ہی دیر بعد حالات خراب ہوگئے۔ چپو چلاتے ہوئے انہیں کشتی ایک سمت میں موڑنی تھی، لیکن غلطی سے دوسری طرف موڑ دی، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔ امیتابھ نے بتایا کہ انہیں پہلے سمجھایا گیا تھا کہ اگر کشتی الٹ جائے تو پانی کے اندر اپنے ہاتھ اوپر کی طرف دھکیلنے چاہییں تاکہ کشتی دوبارہ سیدھی ہوسکے، لیکن یہ طریقہ ان کے لیے کارگر ثابت نہیں ہوا۔
اداکار نے کہا کہ جب کشتی کو سیدھا کرنے کی کوشش کامیاب نہ ہوئی تو انہوں نے قریب موجود لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ پانی میں اپنے ہاتھ ہلاتے رہے تاکہ کسی کو اندازہ ہو سکے کہ وہ ڈوب رہے ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے، لیکن کافی دیر تک کوئی ان کے قریب نہیں آیا۔
امیتابھ بچن نے اس صورتِ حال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقین کرنا مشکل ہوگا کہ فلم کا مرکزی اداکار خود ڈوب رہا تھا، مگر اسے بچانے کے لیے کوئی آگے نہیں بڑھا۔ ان کے بقول آبشار کے قریب کھڑے ایک شخص کو بالآخر اندازہ ہوگیا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ اس نے کسی نہ کسی طرح انہیں پانی سے باہر نکالا۔
اداکار کے مطابق پانی سے باہر آنے کے بعد بھی انہیں بچانا آسان نہیں تھا، تاہم وہاں موجود افراد کی کوششوں سے بالآخر ان کی جان بچ گئی۔ انہوں نے اس واقعے کو اپنی زندگی کے انتہائی مشکل اور خوف ناک تجربات میں سے ایک قرار دیا۔





