نہ فردِ جرم، نہ مقدمہ؛ غزہ کے ڈاکٹر کو مزید چھ ماہ جیل میں رکھنے کا حکم
غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی مشکلات کم نہ ہوئیں اسرائیلی عدالت نے مزید چھ ماہ تک حراست میں رکھنے کا حکم دے دیا حالانکہ ان کے خلاف تاحال باقاعدہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔
الجزیرہ کے مطابق ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے وکیل نے بتایا کہ بیر السبع کی عدالت نے بدھ کو حراست میں توسیع کا فیصلہ سنایا۔
وکیل کے بقول عدالت نے یہ فیصلہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اسرائیل کی ریاست کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے سنایا۔
ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو دسمبر 2024 میں شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران اسپتال کے دیگر عملے اور مریضوں سمیت حراست میں لیا تھا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے رواں سال جولائی میں اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹر حسام کو فوری رہا کیا جائے یا کسی قابلِ شناخت جرم کے تحت فردِ جرم عائد کرکے منصفانہ مقدمہ چلایا جائے۔
اقوام متحدہ نے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے ساتھ مبینہ تشدد، طویل تنہائی اور طبی سہولتوں سے محرومی کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی تھی۔
اسرائیلی تنظیم برائے انسانی حقوق کے مطابق حالیہ طبی جائزے میں ڈاکٹر ابو صفیہ کا وزن اور خون میں ہیموگلوبن کی سطح کم ہونے کے علاوہ سینے میں درد کی نشاندہی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی سپریم کورٹ نے 14 فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی سے متعلق درخواست بھی مسترد کردی تھی جنہیں بغیر فردِ جرم یا مقدمے کے حراست میں رکھا گیا ہے۔





