لاہور کے گرد 300 کلومیٹر میں ہفتے کے دوران 2,306 مقامات پر آتشزدگی، آلودگی میں مزید اضافے کا خدشہ
لاہور کے گرد 300 کلومیٹر کے دائرے میں 11 سے 17 نومبر کے دوران پاکستان اور بھارت میں آگ لگنے کے 2,306 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ اسی عرصے میں لاہور پہنچنے والی ہوائیں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اوسطاً 17.3 آتشزدگی کے مقامات سے گزریں۔
فضائی آلودگی کے اعدادوشمار کے تجزیے کے مطابق زیادہ آتشزدگی والے علاقوں سے گزرنے والی ہواؤں کے دنوں میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار نسبتاً 37 مائیکروگرام فی مکعب میٹر زیادہ رہی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی جانب سے ہواناما اور امریکی خلائی ادارے ناسا کے سیٹلائٹ ڈیٹا پر مبنی تجزیے کے مطابق 11 سے 17 نومبر کے دوران پاکستان میں آتشزدگی کے 1,265 اور بھارت میں 1,043 واقعات سامنے آئے۔
پاکستان میں یہ تعداد 2018 سے 2025 کے دوران اسی ہفتے کی اوسط 1,539 سے 18 فیصد کم تھی، جبکہ بھارت میں آتشزدگی کے واقعات کی تعداد 2018 کے بعد اسی مدت کی کم ترین سطح پر رہی۔ بھارت میں گزشتہ آٹھ برسوں کی اسی عرصے کی اوسط 7,657 واقعات تھی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں کے اعدادوشمار میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافے کے تقریباً تین روز بعد فضا میں باریک ذرات پی ایم 2.5 کی سطح بڑھنے کا رجحان بھی دیکھا گیا۔ تاہم رواں سال موسمی حالات گزشتہ برس سے مختلف تھے۔ 11 سے 17 نومبر کے دوران ہواؤں کی اوسط رفتار 4.9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، جو گزشتہ سال اسی مدت کی 2.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط سے 81 فیصد زیادہ تھی۔
اسی طرح دوپہر کے وقت فضا میں آلودگی کے پھیلاؤ کے لیے دستیاب عمودی گہرائی، جسے مکسنگ ہائٹ کہا جاتا ہے، رواں سال اوسطاً 1,190 میٹر رہی، جبکہ گزشتہ سال یہ 850 میٹر تھی۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ مکسنگ ہائٹ اور تیز ہوائیں آلودگی کو زیادہ فضائی حجم میں پھیلانے میں مدد دیتی ہیں۔
ہوا کے گزشتہ 72 گھنٹوں کے راستوں کے تجزیے میں یہ بھی سامنے آیا کہ لاہور پہنچنے والی ہوا اوسطاً 17.3 آتشزدگی کے مقامات سے گزری۔ جن دنوں ہوا کم از کم 16 ایسے مقامات سے گزری، ان دنوں لاہور کا اوسط اے کیو آئی 261 اور پی ایم 2.5 کی مقدار 211.5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی۔
اس کے مقابلے میں دیگر دنوں میں اے کیو آئی 224 اور پی ایم 2.5 کی مقدار 174.3 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پی اے کیو آئی نے اس تقابل کے لیے رواں سال کے پانچ اور گزشتہ سال کے نو دنوں کے اعدادوشمار استعمال کیے۔
دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق شمال مغربی ہواؤں اور ان کی کم رفتار کے باعث لاہور کے فضائی معیار پر اثر پڑا ہے۔ ان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہواؤں کی رفتار تقریباً پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات فضائی آلودگی پر اثرانداز ہوتے ہیں، تاہم مقامی ذرائع سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 318 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزیوں پر 11 یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور مجموعی طور پر 13 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی عرصے میں 543 اینٹوں کے بھٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران پانچ بھٹے مسمار، 13 سیل اور نو مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 22 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
غیرمعیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں 159 مقامات کا معائنہ کیا گیا، 740 کلوگرام پلاسٹک ضبط، تین مقامات سیل اور 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ باربی کیو اور کمرشل کھانا پکانے کے مقامات پر 93 مقامات کی جانچ کی گئی، جن میں سے 52 پر سکشن ہڈز نصب پائے گئے۔ خلاف ورزی پر ایک مقام سیل اور 72 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اڑتی ہوئی دھول کی روک تھام کے لیے بھی 17 مقامات کا معائنہ کیا گیا، چھ کو نوٹس جاری، ایک مقام سیل اور دو مقامات پر سپرنکلر نصب کیے گئے۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں اب تک فصلوں کی باقیات جلانے کے 420 واقعات کے شواہد سامنے آ چکے ہیں، جن پر 237 ایف آئی آرز اور استغاثے درج کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ 15 سے 17 نومبر کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے کے 18 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر 15 ایف آئی آرز اور استغاثے درج کیے گئے اور 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
فصلوں کی باقیات جلانے کے متبادل کے طور پر مشینری کے استعمال سے متعلق محکمہ زراعت کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں چاول کی فصل کی کٹائی 96.2 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ صوبے میں 63 لاکھ 32 ہزار ایکڑ رقبے میں سے 60 لاکھ 89 ہزار ایکڑ پر کٹائی مکمل کی گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 187 بیلرز کے ذریعے ایک لاکھ 64 ہزار 442 ایکڑ رقبے سے فصلوں کی باقیات اکٹھی کی گئیں، جبکہ 1,259 کبوٹا مشینوں کے ذریعے سات لاکھ 34 ہزار 143 ایکڑ رقبے پر کٹائی مکمل کی گئی۔ اسی طرح 10 ہزار 45 سپر سیڈرز کے ذریعے 20 لاکھ 37 ہزار 772 ایکڑ رقبے پر گندم کی بوائی مکمل کی گئی۔ ان مشینوں کے استعمال کا مقصد فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے انہیں زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے۔
لاہور میں نجی گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات کے اشتراک سے ایمیشن ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔ اس دوران گاڑیوں کے مالکان کو اخراج کی جانچ کی اہمیت اور سرٹیفکیشن کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، جبکہ پی وی آئی سی ایس ایمیشن ٹیسٹنگ سینٹرز سے متعلق معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔
Find Your Interest
- Android Systrace 基础知识 - SystemServer 解读
- Android Service:开发自己的通知中心(2):辅助***实战
- Android 应用启动优化 - 一种 DelayLoad 的实现和原理(上篇)
- Android Service:开发自己的通知中心(1):辅助***介绍
- Android Tools - Log2File
- Android 无障碍服务导致的整机卡顿案例分析
- Android 应用启动优化:一种 DelayLoad 的实现和原理(下篇)
- Android Perfetto 系列 15:Boot Trace、长时间现场 Trace 与偶发问题抓取
- Android 代码内存优化建议 - Android 资源篇
- Android Perfetto 系列 8:深入理解 Vsync 机制与性能分析





